کراچی (ویب ڈیسک): رمیز راجہ کا برطرفی کے بعد پہلا بیان: ’انھوں نے ایسا حملہ کیا کرکٹ بورڈ میں آ کر کہ مجھے میرا سامان بھی نہیں لینے دیا۔ صبح یہ 17 بندے دندناتے پھر رہے تھے کرکٹ بورڈ میں، جیسے کوئی ایف آئی اے کا چھاپہ پڑ گیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین رمیز راجہ نے اپنی برطرفی کے بعد پہلی مرتبہ اس بارے میں عوامی طور پر اپنے یوٹیوب چینل کے ذریعے بات کی ہے۔
خیال رہے کہ رمیز راجہ کو گذشتہ ہفتے وزیرِ اعظم کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن کے ذریعے برطرف کر دیا گیا تھا اور ان کی جگہ نجم سیٹھی کی سربراہی میں ایک 15 رکنی مینجمنٹ کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔
رمیز راجہ کا کرکٹ کمنٹری میں واپسی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بھی کہنا تھا کہ پی سی بی انھیں واپس نہیں آنے دے گا۔
میڈیائی رپورٹس کے مطابق رمیز راجہ نے اپنے یوٹیوب چینل ’رمیز سپیکس‘ پر برطرفی کے بعد پہلی بار خاصی تفصیل سے بات کی ہے۔
انھوں نے اس لائیو سٹریم کے دوران لوگوں کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’یہ کھیل کرکٹرز کا ہے، یہ کرکٹرز کی پلیئنگ فیلڈ ہے۔ یہاں پر باہر سے جب آ کر لوگ حملہ کرتے ہیں اور پھر سمجھتے ہیں کہ آپ جو کام کر رہے ہیں وہ ٹھیک نہیں۔‘
انھوں نے کہا کہ ’ایک بندےنجم سیٹھی کو کو لانے کے لیے آپ نے پورا آئین بدل دیا، یہ میں نے دنیا میں کہیں ہوتے ہوئے نہیں دیکھا۔‘
تاہم نجم سیٹھی نے گذشتہ روز ایک پریس کانفرنس میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ’رمیز ایک آزاد آدمی ہیں اور اگر انھیں کسی موڑ پر بھی کمنٹری کے لیے منتخب کیا جاتا ہے تو ہم بالکل مخالفت نہیں کریں گے۔‘
نجم سیٹھی کا مزید کہنا تھا کہنا تھا کہ ’رمیز راجہ صاحب کو کسی صورت میں بھی نہیں روکا جائے گا، میں ان کی بہت عزت کرتا ہوں۔‘