اسلام آباد (ویب ڈیسک): وزارت دفاع کی ملک بھر میں ایک ساتھ انتخابات کرانےکی درخواست سپریم کورٹ میں سماعت کے لیے مقرر ہوگئی۔چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ ساڑھے گیارہ بجے سے درخواست کی سماعت کررہا ہے۔3رکنی بینچ میں جسٹس اعجازالاحسن اور جسٹس منیب اختر شامل ہیں۔
وزارت دفاع نے سربمہر درخواست سپریم کورٹ میں جمع کرائی ہے، وزارت دفاع نے دائر درخواست میں موقف اپنایا ہےکہ ملک بھر میں ایک ساتھ انتخابات کا حکم دیا جائے اور سپریم کورٹ پنجاب میں انتخابات کا حکم واپس لے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہےکہ عدالت سندھ اور بلوچستان اسمبلی کی مدت مکمل ہونے پر انتخابات کا حکم دے اور ملک میں جاری سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر سپریم کورٹ 4 اپریل کا فیصلہ واپس لے۔
خیال رہے کہ سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے پنجاب میں 14 مئی کو انتخابات کرانے کا حکم دے رکھا ہے، اس کے علاوہ سپریم کورٹ نے اسٹیٹ بینک کو الیکشن کمیشن کو فنڈز فراہم کرنے کا حکم دیا تھا تاہم قومی اسمبلی نے فنڈز کے اجرا کی قرارداد مسترد کردی۔