ممبئی (شوبز ڈیسک): نامور بھارتی پروڈیوسر بونی کپور نے اپنی بیوی سری دیوی کو مارنے کے الزام پر 5 سال بعد خاموشی توڑ دی ہے۔بونی کپور نے ایک انٹرویو میں کہا کہ اداکارہ کی موت طبعی نہیں بلکہ حادثاتی تھی اور انہیں دبئی پولیس سے کلین چٹ لینے کیلئے مختلف اقسام کے ٹیسٹوں سے گزرنا پڑا تھا۔انہوں نے بتایا کہ دبئی پولیس پر انڈین میڈیا کا بہت زیادہ دباؤ تھا لیکن انہیں جلد اندازہ ہوگیا کہ میری طرف سے کوئی غلط کام نہیں کیا گیا ہے۔بونی کپور کے مطابق سری دیوی نے سخت ترین ڈائٹ کی وجہ سے اپنی صحت خراب کردی تھی اور وہ اکثر فاقے کیا کرتی تھیں تاکہ اسمارٹ نظر آئیں۔
انڈین اداکارہ سری دیوی کی موت بہت سے لوگوں کے لیے ابھی ایک معمہ ہے لیکن ان کے شوہر اور فلم ساز بونی کپور نے ایک حالیہ انٹرویو میں ایسے ہی ایک راز سے پردہ اٹھایا ہے۔اگرچہ دبئی کے حکام نے کہا تھا کہ سری دیوی کی موت حادثاتی طور پر باتھ ٹب میں ڈوبنے سے ہوئی لیکن ان کے شوہر بونی کپور نے گذشتہ دنوں ایک خصوصی انٹرویو میں کہا ہے کہ ڈاکٹروں نے صرف ڈوبنے پر ہی اپنی توجہ مرکوز رکھی جبکہ سری دیوی کی موت کے پس پشت ڈائٹنگ کے حوالے سے ان کا رویہ اور نمک سے پرہیز تھا۔
بہر حال اس سے قبل بتایا گیا تھا کہ بیسویں صدی کے اواخر میں بالی وڈ کی سب سے کامیاب اور لاکھوں دلوں پر راج کرنے والی اداکارہ دبئی میں ہونے والی ایک شادی کی تقریب کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے چل بسیں۔’دی نیو انڈین‘ کے صحافی روہن دوآ کے ساتھ بات چیت کے دوران فلم ساز بونی کپور نے کہا کہ ان کی موت ’قدرتی‘ نہیں تھی بلکہ ’حادثاتی‘ تھی اور یہ کہ انھیں ’سری دیوی کے قتل کے پریشان کن الزامات کو برداشت کرنا پڑا۔‘
انھوں نے کہا: ’یہ قدرتی موت نہیں تھی۔ یہ ایک حادثاتی موت تھی۔ میں نے اس کے بارے میں بات نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا کیونکہ میں نے موت کے بعد تفتیش کے دوران اس کے بارے میں تقریباً 24 یا 48 گھنٹے تک بات کی تھی۔ درحقیقت، افسران نے کہا کہ ہمیں انڈین میڈیا کے دباؤ میں ایسا کرنا پڑ رہا ہے۔ اور انھیں پتا چل گیا کہ انھیں قتل نہیں کیا گیا تھا۔ میں جھوٹ پکڑنے والے ٹیسٹ سمیت ہر طرح کے ٹیسٹ سے گزرا۔ اور پھر جو رپورٹ سامنے آئی وہ واضح طور پر بتاتی ہے کہ یہ حادثاتی موت تھی۔‘
انٹرویو کے دوران انھوں نے خوراک میں نمک نہ چھوڑنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اس کی وجہ سے آپ ہوش کھو سکتے ہیں جیسا کہ سری دیوی کے ساتھ ہوا تھا اور وہ گر پڑی تھیں جس سے ان کا آگے کا ایک دانت ٹوٹ گیا تھا۔
’مسٹر انڈیا‘ فلم کے پروڈیوسر بونی کپور نے کہا کہ سری دیوی ’آن سکرین‘ اپنی شبیہہ سے متعلق بہت حساس تھیں اور وہ اپنی موت سے قبل بھی ڈائٹنگ پر تھیں۔
انھوں نے کہا: ’وہ اکثر بھوکی رہتی تھیں۔ وہ خوبصورت نظر آنا چاہتی تھیں۔ وہ اس بات کو یقینی بنانا چاہتی تھی کہ وہ سکرین پر اچھی نظر آئیں۔ مجھ سے شادی کے بعد وہ ایک دو موقعوں پر بلیک آؤٹ ہوئی تھیں اور ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ انھیں لو بلڈ پریشر کا مسئلہ ہے۔‘
’ڈاکٹر انھیں کہتے کہ آپ کو لو بی پی کا مسئلہ ہے اس لیے آپ سخت ڈائٹ پر عمل پیرا نہیں ہو سکتیں اور نمک نہیں چھوڑ سکتیں۔‘
بونی کپور کا کہنا تھا کہ ’زیادہ تر خواتین سمجھتی ہیں کہ نمک سے بدن میں پانی رکتا ہے اور آپ پھولے نظر آتے ہو۔ یہ ایک وجہ تھی۔ میں بھی ان سے کہتا کہ نمک کو پوری طرح نہ چھوڑو۔ میں کہتا کہ سلاد کھاتے ہوئے اس میں تھوڑا سا نمک ضرور چھڑکیں۔‘
’یہ صرف فلموں کے لیے نہیں تھا جو وہ اس وقت کر رہی تھیں۔ وہ 45-46 کلو وزن تک آ گئی تھیں۔ آپ فلم انگلش ونگلش میں بھی اسے دیکھ سکتے ہیں۔‘