کراچی (اسپورٹس ڈیسک): ایشین کرکٹ کونسل(اے سی سی) نے سال 2024 میں کرکٹ ٹورنامنٹس کا شیڈول جاری کر دیا۔اے سی سی کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق رواں سال جولائی میں ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ منعقد ہوگاجبکہ اکتوبر میں مینز ٹی ٹوئنٹی ایمر جنگ ایشیا کپ ہوگا۔اس کے علاوہ دسمبر 2024 میں مینز انڈر 19 ون ڈے ایشیاکپ بھی شیڈول کیا گیا ہے۔
ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ میں پاکستان،بھارت اور کوالیفائر ون ٹیم شامل ہوگی جبکہ بنگلادیش، سری لنکا اور کوالیفائر ٹو ٹیم بھی ویمنز ٹی ٹوٹنٹی ایشیا کپ میں شرکت کرے گی۔
ایمرجنگ ایشیا کپ میں بھارت، پاکستان،سری لنکا اور ایک کوالیفائرٹیم شریک ہوگی۔ افغانستان، بنگلادیش اور 2 کوالیفائر ٹیمیں بھی ٹورنامنٹ میں ایکشن میں نظر آئیں گی۔
اے سی سی کے مطابق انڈر 19 ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت سمیت 8 ٹیمیں شرکت کریں گی۔
اس کے علاوہ 27 جنوری سے 11 فروری تک تھائی لینڈ میں ٹی ٹوئنٹی چیلنجر کپ منعقد ہو گا جبکہ 10 سے 18 فروری کے درمیان ملائیشیا میں اے سی سی ویمنز پریمیئر ٹی ٹوئنٹی کپ کھیلا جائے گا۔
10 اپریل سے 23 اپریل تک اومان میں اے سی سی پریمیئر ٹی ٹوئنٹی کپ بھی شیڈول ہے۔