اسلام آباد (ویب ڈیسک): پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کچھ لوگ 22 کروڑ عوام کی پارلیمنٹ کو بکرا منڈی بنانا چاہتے ہیں۔ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے محمود خان کا کہنا تھاکہ ہماری نئی پارلیمنٹ کا آغاز ہونے والا ہے، پارلیمان میں کوئی دوسرے کی بات کرنے کو تیار نہیں۔
انہوں نے کہا کہ آئین سے ہماری اسٹبلشمنٹ کھلواڑ کرتی ہے، یہ ہاؤس 22 کروڑ لوگوں کا نمائندہ ہے، کچھ لوگ پاکستان کی پارلیمان کو بکرامنڈی بنانا چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ نوازشریف کہتے تھے ووٹ کو عزت دو، عمران خان بھی عوام کی طاقت سے آگیا ہے، سب طے کرلیں کہ اسٹیبلشمنٹ کا کردار سیاست میں نہیں ہوگا اور پاکستان کی داخلی اور اندرونی سیاست کا سرچشمہ یہ پارلیمان ہوگا۔
محمود اچکزئی کا کہنا تھاکہ ہم پاگل نہیں کہ کہیں فوج اور ایجنسیاں نہ ہوں لیکن ان کو سیاست سے توبہ کرنا ہوگی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ قرارداد منظور کی جائے جن ججوں نے مارشل لا کی حمایت نہیں کی ان کو ہیرو قرار دیا جائے اور جن ججوں نے مارشل لا کی حمایت کی ان کی تنخواہیں بھی واپس لی جائیں۔