لاہور (شوبز ڈیسک): معروف اداکار سعود قاسمی نے کہا ہے کہ ان کے والد مولانا ظاہر قاسمی نے سب سے پہلے ریڈیو پاکستان پر تلاوت کرنے کی سعادت حاصل کی تھی۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں دوران گفتگو سعود نے کہا کہ میرے والد وہ پہلے پاکستانی قاری تھے جنہوں نے سب سے پہلے ریڈیو پر سورہ فاتحہ کی تلاوت کی اور اس کے بعد یہ اعلان کیا گیا کہ یہ ریڈیو پاکستان لاہور ہے۔
سعود کا کہنا تھا کہ میرے چاچا قاری شاکر قاسمی ایک مشہور قاری تھے اور جب بھی پاکستان میں مصر سے قراء کرام تشریف لاتے تو ہمارے گھر میں تلاوت کی محفل سجا کرتی تھی۔
سعود کا مزید کہنا تھا کہ قاری شاکر قاسمی پی ٹی وی پر اقراء کے نام سے پروگرام کیا کرتے تھے اور وہ پہلے پاکستانی مرد تھے جنہوں نے اقوام متحدہ جاکر تلاوت کی تھی۔
واضح رہے کہ سعود قاسمی ایک مضبوط مذہبی گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں اور حال ہی میں ان کے چچا قاری شاکر قاسمی کا انتقال ہوا ہے، قاری وحید ظفر قاسمی بھی ان کے چچا ہیں۔