اسلام آباد: سپریم کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں فل کورٹ آج پھر سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں سے متعلق کیس کی سماعت کرے گا۔
سپریم کورٹ میں زیرسماعت بڑے کیس کی اہم سماعت حتمی مرحلے میں داخل ہوچکی ہے اور آج پھر سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں سے متعلق کیس کی سماعت ہوگی۔
چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں فل کورٹ سماعت کرے گا، جس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے کیس میں فریق بننے کی درخواست بھی دائر کر دی گئی ہے جبکہ سنی اتحاد کونسل نے پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کر رکھا ہے۔
خیال رہے کہ سپریم کورٹ 24 اور 25 جون کو سنی اتحاد کونسل کی اپیل پر سماعت کی تھی، جہاں سنی اتحاد کونسل کے وکیل فیصل صدیقی، پی ٹی آئی رہنما کنول شوزب کے وکیل سلمان اکرم راجا، اضافی نشستیں حاصل کرنے والی جماعتوں کے وکیل مخدوم علی خان اور الیکشن کمیشن کے وکیل بشیر مہمند نے اپنے دلائل مکمل کرلیے۔