حیدرآباد (ویب ڈیسک): سندھ ترقی پسند پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کونسل کا اجلاس مگسی ہاؤس حیدرآباد میں سندھ ترقی پسند پارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر قادر مگسی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں سندھ بھر سے پارٹی کے ڈویژن اور ضلعی صدور، جنرل سیکرٹری اور پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ کے اراکین نے شرکت کی۔ اجلاس میں سندھ کی سیاسی اور پارٹی کی تنظیمی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور مختلف فیصلے کیے گئے۔سندھ ترقی پسند پارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر قادر مگسی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں سیاسی اور معاشی بحرانوں کا واحد حل ملک کی تمام اکائیوں کے لیے برابری کی بنیاد پر حقوق دینے میں ہے ۔
حکمران عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ ڈالنے کی بجائے عوام دوست معاشی منصوبہ بنائیں اور اپنے شاہانہ اخراجات کم کریں تو ملک معاشی بحران سے نکل آئے گا۔ ایک طرف مہنگائی کی وجہ سے غریب عوام اپنے کھانے کے لیے پریشان ہیں تو دوسری طرف حکومت اور سرکاری افسران سرکاری خرچوں سے شاہانہ زندگی گزار رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں بڑھتی ہوئی بھوک اور بیروزگاری کی ذمہ دار پیپلز پارٹی کی حکومت ہے جو مسلسل اقتدار میں ہے پر سندھ کے عوام کو کوئی ریلیف نہیں دے سکی ہے ۔ اس وقت سندھ میں بدامنی اور لاقانونیت کا راج ہے۔ ڈاکو راج کو حکمرانوں کی سرپرستی میں وڈیروں اور جاگیرداروں کی مکمل حمایت حاصل ہے۔ ڈاکوؤں کی وجہ سندھ بالائی اضلاع نوگو ایریا بن چکے ہیں، الیکشن میں ان نوگو ایریا مین بوگس ووٹ ڈال کر پولنگ اسٹیشن جیتنے والے جھانسہ دے کر جیتنے والےان ڈاکوؤں کو پال رہے ہیں۔
سندھ ترقی پسند پارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر قادر مگسی نے مزید کہا کہ سندھ میں منظم سازش کے ساتھ غیر ملکی آبادی کو آباد کیا گیا ہے۔ جو منشیات فروشی اور جرائم میں ملوث ہیں اور سندھ کے امن و امان کو برباد کر رہے ہیں، منشیات کے زہر نے ہماری نوجوان نسل کو تباہ کر دیا ہے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سندھ ترقی پسند پارٹی کی جانب سے سندھ میں یونین کونسل کی سطح تک ترقی پسند ھائوس قائم کیے جائیں گے۔ یونین کونسل کی سطح پر قائم ہونے والے ترقی پسند ھائوس عوام کا سہارا ہوں گے اور ان تمام سماجی برائیوں کے خلاف مقامی سطح پر عوام کو متحد کرنے میں کردار ادا کریں گے۔
سندھ ترقی پسند پارٹی سندھ کے محنت کش طبقے کی نمائندہ جماعت ہے، جو سندھ کے اس طبقے کو اقتدار میں دیکھنا چاہتی ہے۔ اس کے لیے سندھ کے محنت کش طبقے اور سندھ دوست عوام کو متحد ہو کر اس جاگیرداری اور سرداری نظام کے خلاف ہر محاذ پر لڑنا ہو گا۔
اس موقع پر سندھ ترقی پسند پارٹی کے مرکزی رہنما جام عبدالفتاح سمیجو، گلزار سومرو، حیدر شاہانی، حیدر ملاح، ڈاکٹر سومار منگریو، عاشق سولنگی، قادر چنا، امتیاز سموں، نثار کریو، ڈاکٹر عبدالحمید میمن، ہوت خان گاڈھی، ڈاکٹر احمد نوناری، جام شوکت ابڑو، گوتم چنا، ڈاکٹر مظہر میمن، اعجاز سندھی، جام مہدی رضا سہتو، صفدر عباس اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔