پشاور (نجات نیوز): پشاورمیں آٹے کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد نان بائیوں نے روٹی کی قیمت میں 10 روپے کا من مانا اضافہ کر دیا۔ پشاور میں نان بائیوں کی جانب سے 170 گرام کی روٹی پر 10 روپے بڑھا دیے گئے ہیں اور 20 روپے کی روٹی اب 30 روپے میں فروخت کی جا رہی ہے۔
اس حوالے سے نان بائیوں کا کہنا ہے کہ آٹے کی حالیہ قیمت میں اضافے کے باعث روٹی کی قیمت بڑھانا ہماری مجبوری تھا۔
دوسری جانب ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ روٹی کی قیمت 20 روپے مقرر ہے، نانبائیوں نے روٹی کی قیمت میں ازخود اضافہ کیا ہے، روٹی مقررہ ریٹ سے زائد قیمت پر فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔