کراچی(ویب ڈیسک): سندھ میں 11 ہزار 168 پولیس اہلکاروں کی نئی بھرتی کا عمل شروع ہوگیا۔گریڈ 7 کی اسامی کیلئے 18 سے 28 سال عمر کے مرد اور خواتین امیدوار 23 اپریل 2024 تک آن لائن درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں جس کیلئے سندھ پولیس کے اسسٹنٹ انسپیٹر جنرل اسٹیبلشمنٹ نے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کراچی رینج کیلئے 3108 مرد، 583 خواتین جب کہ 194 اقلیتی پولیس اہلکار بھرتی کیے جا رہے ہیں۔
حیدرآباد رینج میں 498 لیڈیز اور 166 اقلیتی اہلکاروں سمیت 3322 اہلکاروں کی بھرتی کی جارہی ہے جب کہ میرپور خاص رینج میں 90 خواتین سمیت 597 اہلکار بھرتی ہوں گے۔
سکھر رینج میں 96 خواتین سمیت 638، لاڑکانہ رینج میں 318 خواتین سمیت 2114 پولیس اہلکاروں کی بھرتی کا حکم دیا گیا ہے۔
اعلان کے مطابق آئی بی اے سکھر کے تحت ٹیسٹ پاس کرنے والے امیدوار رننگ اور فزیکل ٹیسٹ جیسے اگلے مرحلے میں شامل کیے جائیں گے۔