واشنگٹن (ویب ڈیسک): امریکا کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قریبی ساتھی سینیٹر لنزی گراہم نے برطانوی وزیراعظم کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو گرفتار کیا تو برطانیہ کی معیشت تباہ کردیں گے۔سینیٹر لنزی گراہم نے برطانیہ کے وزیراعظم کئیر اسٹارمر پر واضح کیا کہ انٹرنیشنل کرمنل کورٹ کے حکم پر عمل کرنے والے ممالک کو اقتصادی نتائج بھگتنا پڑیں گے۔عالمی فوجداری عدالت (ICC) سے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اور ان کے سابق وزیر دفاع یوواف گیلنٹ کے وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے بعد برطانوی وزیراعظم کئیر اسٹارمر نے واضح کیا تھا کہ برطانیہ کو قانونی ذمہ داریاں ادا کرنا ہوں گی۔
عدالتی فیصلے پر یورپی یونین خارجہ پالیسی چیف جوزف بوریل نے بھی کہا تھا کہ تمام رکن ممالک آئی سی سی کے فیصلے پر عمل درآمد کے پابند ہیں۔
خیال رہے کہ بین الاقوامی فوجداری عدالت کی جانب سےدونوں اسرائیلی رہنماؤں کے خلاف وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے بعد معاہدہ روم کے تحت آئی سی سی میں شامل تمام 124 ملک انہیں گرفتار کرنے کے پابند ہو گئے ہیں۔
مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں نسل کشی کے مرتکب قرار پانے کے بعد ان دونوں کی حیثیت مفرور مجرموں کی ہوگئی ہے۔
کینیڈا نے کہا ہے کہ وہ آئی سی سی کے حکم کا احترام کرتا ہے، یورپی یونین کے خارجہ پالیسی سربراہ کا کہنا ہے کہ تمام 27 رکن ممالک آئی سی سی کا حکم ماننے کے پابند ہیں۔
اٹلی اور نیدرلینڈز نے کہا ہے کہ نیتن یاہو اور گیلنٹ اگر اُن کے ملک آئے تو گرفتار کر لیے جائیں گے۔