دبئی (اسپورٹس ڈیسک): پاکستان نے اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں اپنے دوسرے میچ میں متحدہ عرب امارات کو 69 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔دبئی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 3 وکٹ پر 314 رنز اسکور کیے۔پاکستان کی جانب سے شاہ زیب خان نے ایونٹ میں مسلسل دوسری سنچری اسکور کرتے ہوئے 132رنز کی اننگز کھیلی، ریاض اللہ نے 106 رنز اسکور کیے۔
پاکستان کی پہلی وکٹ 94 کے اسکو رپر 41 رنز بنانے والے عثمان خان کی گری، دوسری وکٹ پر شاہ زیب اور محمد ریاض اللہ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا ، دونوں نے دوسری وکٹ پر 183 رنز کی شراکت قائم کی۔
شاہ زیب خان6 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 132رنز کی اننگز کھیلنے میں کامیاب رہے جبکہ ریاض اللہ نے 106 رنز اسکور کیے۔
جواب میں متحدہ عرب امارات کی ٹیم 8وکٹ پر 245رنز بناسکی۔ایتھن ڈی سوزا نے 84 اور محمد ریان نے 50 رنز بنائے۔یوں پاکستان نے میزبان یو اے ای کو 69 رنز سے شکست دی۔
پاکستان کی جانب سے عبدالسبحان نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 57 رنز دے کر 6وکٹیں حاصل کیں۔
اس جیت کے بعد پاکستان نے اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان انڈر 19 ٹیم نے پہلے میچ میں بھارت کو شکست دی تھی۔