یوکرین کے دارالحکومت کیف میں بچوں کے تربیتی اسکول کے قریب ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاک ہونے والے دو بچوں سمیت 16 افراد میں وزیر داخلہ بھی شامل ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق ہیلی کاپٹر واقع کے بعد سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی وڈیو میں جائے وقوع سے چیکھیں بھی سنائی دے رہی تھیں جو بعد میں آتشزدگی سے ختم ہوگئیں۔
رپورٹ کے مطابق ہیلی کاپٹر تباہ ہونے کی وجوہات کے فوری تفصیلات سامنے نہیں آئے۔
نیشنل پولیس کے سربراہ نے کہا کہ ہیلی کاپٹر میں سوار افراد میں سے اب تک 16 ہلاک ہو چکے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ہیلی کاپٹر واقع میں ہلاک ہونے والوں میں وزارت داخلہ کے کئی اعلیٰ عہدیدار بھی شامل ہیں جن میں وزیر داخلہ ڈینس موناسٹیرسکی اور ان کے پہلے نائب وزیر یوگینی ینن بھی شامل ہیں۔خیال رہے کہ 42 سالہ ڈینس موناسٹیرسکی کو 2021 میں یوکرین کا وزیر داخلہ مقرر کیا گیا تھا۔
ہیلی کاپٹر حادثے میں زخمی ہونے والوں میں سے 10 بچوں سمیت 22 افراد کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹر کریش ہونے وقت بچے اور عملہ بچوں کے تربیتی اسکول میں موجود تھے۔
رپورٹ کے مطابق پولیس اور طبی عملہ جائے وقوع پر کام کر رہے ہیں۔
ہیلی کاپٹر مغربی یوکرین کے برووری قصبے میں تباہ ہوا جو کہ دارالحکومت کیف سے 20 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔
واضح رہے کہ ابتدائی جنگ کے دوران روسی اور یوکرینی فورسز میں برووری قصبے پر کنٹرول حاصل کرنے کے لیے جنگ ہوئی تھی مگر بعدازاں اپریل میں روسی فوجی وہاں سے پیچھے ہٹ گئے تھے۔
گزشتہ برس 24 فروری کو روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے یوکرین پر حملہ کے لیے فوجی دستے بھیجے تھے۔
ہیلی کاپٹر کا یہ حادثہ ایک ایسے سانحے کے بعد پیش آیا جہاں مشرقی شہر ڈنیپرو میں ایک رہائشی عمارت کو نشانہ بنانے والی روسی میزائل سے 6 بچوں سمیت 45 افراد ہلاک ہوئے تھے۔