نیو دہلی (ویب ڈیسک): روٹیٹنگ پزل کو ہم نے مختلف طرح سے حل کرتے دیکھا ہے اور بہت سے لوگوں نے اس حوالے سے مختلف ریکارڈ بھی اپنے نام کر رکھے ہیں لیکن کیا آپ نے صابن کے بلبلے میں روٹیٹنگ پزل کو حل کرتے دیکھا ہے؟جی بلکل ایسا ہی کچھ کارنامہ بھارت سے تعلق رکھنے والے چنمے پربھو نے انجام دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق چنمے پربھو پیشے کے اعتبار سے سائبر سکیورٹی کا ماہر ہے لیکن اس نے اپنی ذہانت اور پھرتی سے گنیز ورلڈ ریکارڈز میں اپنا نام درج کروا لیا ہے۔
اس حوالے سے گنیز ورلڈ ریکارڈز نے اپنے سوشل اکاؤنٹ انسٹاگرام پر ویڈیو بھی شیئر کی ہے جس میں چنمے پربھو کو عالمی ریکارڈ بناتے دیکھا جاسکتا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ چنمے پربھو نے پہلے میز پر صابن کا بلبلہ بنایا اور پھر اس میں بہت مہارت سے بغیر بلبلے کو نقصان پہنچائے روٹیٹنگ پزل کو ڈالا اور اسے حل کرنا شروع کردیا۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق چنمے پربھو نے سب سے کم وقت 32.69 سیکنڈز میں اسے حل کیا ہے۔
بتایا جارہا ہے کہ چنمے پربھو نے تکونہ روٹیٹنگ پزل کو حل کیا ہے جسے انگریزی میں ٹیٹراہیڈرون کہتے ہیں۔