ہمبنٹوٹا (اسپورٹس ڈیسک): افغانستان کے تین میچوں کی سیریز کے دوسرے ون ڈے میں سنسنی خیز جیت کے بعد پاکستانی ڈریسنگ روم کے جذبانی مناظر کی ویڈیو سامنے آ گئی۔پاکستان نے گزشتہ روز سری لنکا کے شہر ہمبنٹوٹا میں کھیلے گئے دوسرے ایک روزہ میچ میں افغانستان کے خلاف جیت کے لیے آخری اوور میں 11 رنز درکار تھے، نسیم شاہ نے فضل حق فاروقی کے اوور میں دو چوکے لگا کر جیت اپنی ٹیم کے نام کی۔
گرین شرٹس کی جیت کے بعد جہاں قومی ٹیم کے کھلاڑی نسیم شاہ کو مبارکباد دینے بھاگتے ہوئے گراؤنڈ میں پہنچے تو وہیں ڈریسنگ روم میں بھی جذبانی مناظر دیکھنے کو ملے اور تمام کھلاڑی، کوچنگ اسٹاف اور مینجمنٹ کے اراکین جیت کی خوشی میں جھوم اٹھے۔
افغانستان کے خلاف فتح کے بعد ڈریسنگ روم میں خوب شور مچایا ایک دوسرے کو گلے لگایا، کھلاڑیوں نے میچ کے ہیرو نسیم شاہ کو مبارکباد پیش کی۔
افتخار احمد نے کہا کہ ہم نے نسیم شاہ کو افغانستان کے لیے ہی رکھا ہوا ہے جبکہ محمد وسیم جونیئر کا کہنا تھا ’ناقابل یقین نسیم شاہ‘۔
اس موقع پر نسیم شاہ کی آنکھوں میں بھی خوشی کے آنسو دیکھے گئے اور ان کا کہنا تھا کاش میری والدہ زندہ ہوتیں اور دیکھ سکتیں، بعد ازاں نسیم شاہ نے گراؤنڈ میں کھلاڑیوں کو آٹو گراف بھی دیئے اور تصاویر بھی بنوائیں۔