کراچی (ویب ڈیسک): پولیس نے کراچی کے علاقے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) میں دو موبائل فون کی دکانوں میں لوٹ مار پر ایک سابق رینجرز اہلکار سمیت 3 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا۔ایک ملکی انگریزی اخبار کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے بتایا کہ ڈیفنس فیز 7 کے علاقے خیابان عباسی میں فائرنگ کے تبادلے کے بعد 3 ملزمان وقار احمد، محمد صادق اور محمد عادل کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔
ڈی آئی جی ساؤتھ عرفان بلوچ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ گرفتار ملزمان بین الصوبائی ایک گینگ کا حصہ ہیں اور ان کے قبضے سے چھینے گئے 35 سے زائد موبائل فونز برآمد کرلیے گئے ہیں۔
ایس ایس پی ساؤتھ سید اسد رضا کا کہنا تھا کہ ملزمان کا چوتھا ساتھی انعام اللہ کو ڈیرہ اسمٰعیل خان میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزم وقار احمد کو رینجرز سے نکال دیا گیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ملزمان بدنام زمانہ ’سرائیکی گینگ‘ کا حصہ ہیں، جس نے گزشتہ دو ماہ کے دوران ڈی ایچ اے میں کئی ڈکیتیاں کی ہیں۔
ایس ایس پی نے کہا کہ ملزمان نے 12 مارچ کو سحر کمرشل میں ایک موبائل فون کی دکان پر ڈکیتی کی تھی، جہاں سے انہوں نے 55 مہنگے موبائل لوٹ لیے تھے، جن کی مالیت ایک کروڑ روپے تھے اور اس کے علاقہ 5 لاکھ نقد بھی لوٹ لیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ 12 مارچ کو ہی انہوں نے بدرکمرشل پر واقع موبائل کی ایک دکان سے 27 موبائل فون، 7 اسمارٹ واچز اور نقد چھین لیے تھے۔