ہیوسٹن امریکا (ویب ڈیسک): پیپلزپارٹی امریکا (ٹیکساز چیپٹر) پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین اور سابق وزیراعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 44 ویں برسی پاکستان کے شہروں کی طرح امریکا کے شہر ہیوسٹن میں بھی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔ پروگرام آرگنائیزر کمیٹی کے سربراہ امیر ارسلان ملک کے مطابق رمضان کے مبارک مہینے کے باعث امریکا میں مرکزی سطح پر پروگرامز کے بجائے ہر ریاست کے اہم شہروں میں قرآن خوانی، فاتحہ خوانی و دعائیہ تقریبات کا اہتمام کیا گیا ۔
ہیوسٹن میں ہونے والی تقریب میں افطار اور ڈنر کا اہتمام کیا گیا جس میں پیپلز پارٹی کے کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر نجی دورے پر امریکا آئے پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ پاکستان محترم سلیم ماڈوی والا اور نیویارک ریاست سے آئے پیپلزپارٹی امریکا کے صدر محمد خالد اعوان نے خصوصی مہمان کے طور پر شرکت کی۔
پروگرام کی شروعات افطار کے بعد کلام پاک کی تلاوت سے گئی اور شہید ذوالفقار علی بھٹو کے لیے مغفرت اور جنت الفردوس میں اٰعلیٰ مقام حاصل کرنے کی لیے دعا مانگی گئی۔
پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے سینٹر سلیم ماڈوی والا نے کہا کہ 4 اپریل وہ سیاہ دن ہے جب پاکستان کے محبوب قائد کو تخت دار لٹکایا گیا‘ تاریخ گواہ ہے کہ بھٹو کو مٹانے والے آج خود مٹ چکے ہیں اور شہید بھٹو آج بھی لاکھوں دلوں کی دھڑکن ہے‘ شہید بھٹو نے اس ملک میں انقلاب برپا کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئی پیپلزپارٹی امریکا کے صدر محمد خالد اعوان نے کہا شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کا آئین دیکر حقیقی جمہوریت کی بنیاد رکھی۔ شہید ذولفقار علی بھٹو کی کیں گئی خدمات کی کوئی تعداد نہیں، بھٹو کل بھی زندہ تھے اور بھٹو آج بھی زندہ ہیں۔
اس موقعے پر ایم کیو ایم سینئر رہنما سینیٹر بابر غوری، پیپلزپارٹی امریکا کے عہدیداران عزیز نظامانی، کاشف سومرو، ریاض حسین کاکاخیل، فہد جونیجو، نصرت لاشاری، ارسلان ملک، نصرت لغاری، تخلیق لاشاری، فرحانہ مرزا، شبانہ جتوئی، سوہیل قاضی، فہد نظامانی ، عابدہ بلوچ سمیت ھیوسٹن شھر کے سول سوسائیٹی رہنمائوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی اور خراج عقیدت پیش کیا۔
اس سے قبل پیپلز پارٹی ہیوسٹن کے صدر عزیز نظامانی نے اپنے گھر پر سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور پیپلز پارٹی امریکا کے صدر محمدخالد اعوان کو ٹی پارٹی پر مدعو کیا جہاں ریفریشمنٹ کا اہتمام بھی کیا گیا . اس موقع پر عزیز نظامانی نے مہمانان کرامی کو سندھ کی روایت کے مطابق اجرک پہنائی اور ساتھ ہی شیلڈ بھی پیش کی .