کراچی (ہیلتھ ڈیسک): کراچی کے چڑیا گھر کی بیمار ہتھنی نورجہاں کی طبیعت میں بہتری آنے لگی ہے اور تجربہ کار ویٹرینری ڈاکٹرز کی ٹیم اس کی صحت کا معائنہ کر رہی ہے۔رپورٹ مطابق کراچی کے چڑیا گھر کی بیمار ہتھنی نورجہاں کی طبیعت میں بتدریج بہتری آنے لگی ہے۔ تجربہ کار ویٹرینری ڈاکٹرز کی ٹیم اس کی صحت کا معائنہ کر رہی ہے جب کہ غیر ملکی فور پاز نامی تنظیم کے ڈاکٹرز بھی اس حوالے سے رابطے میں ہیں۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی سیف الرحمان کا کہنا ہے کہ ہتھنی کا بھرپور انداز سے علاج کے ساتھ خیال رکھا جا رہا ہے تاہم اس کی مکمل صحتیابی میں کچھ وقت لگ سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ فور پاز تنظیم کے ڈاکٹرز کو نورجہاں کی صحت کے حوالے سے مسلسل اپ ڈیٹ دی جا رہی ہے۔ کوشش ہے کہ ہتھنی کو کرین کے ذریعے اٹھایا جائے۔
واضح رہے کہ چڑیا گھر کراچی کی ہتھنی نورجہاں گزشتہ کئی روز سے علیل اور وقت گزرنے کے ساتھ اس کی حالت تشویشناک ہو رہی تھی۔
جانوروں کی صحت سے متعلق غفلت برتنے پر سینئر ڈائریکٹر چڑیا گھر خالد ہاشمی کو سفاری پارک اور ریکریشن کے عہدوں سے فارغ کر کے میونسپل کمشنر بلدیہ عظمیٰ نے خالد ہاشمی کی سروسز محکمہ لوکل گورنمنٹ کے سپرد کر دی گئی تھیں۔