کراچی (ویب ڈیسک): کراچی پورٹ قاسم میں سرنگ کھود کر پارکو لائن سے تیل چرانے والے دو افراد مٹی میں دب کر ہلاک ہوگئے۔ پولیس کے مطابق گزشتہ روز بارش کے بعدمٹی نرم ہوگئی تھی جس کے باعث ملزمان سرنگ میں دب گئے، ملزمان کے تین ساتھی انہیں نجی اسپتال لے کر پہنچے جہاں سے پولیس نے تینوں کو گرفتار کرلیا۔
پولیس نے بتایاکہ ملزمان کراچی سے اندرون ملک جانے والی آئل لائن پر کلپ لگارہے تھے اس مقصد کیلئے ملزمان نے پارکو کی لائن کے ساتھ ایک ایکڑ کی زمین پر گودام بنا رکھا تھا اور ملزمان گودام کے اندر سے سرنگ کے ذریعے سرکاری تیل چوری کررہے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے زیر استعمال دو گاڑیاں بھی تحویل میں لے لی گئی ہیں، مرنے والے ایک ملزم کی شناخت زاہد کے نام سے کی گئی ہے جبکہ مرکزی ملزم اعتزاز کی گرفتاری کیلئے کوششیں کی جارہی ہیں۔