اٹلی (شوبز ڈیسک): بھارت کی نامور فلم آر آر آر میں کام کرنے والے ہالی وڈ کے سینئر اداکار رے اسٹیونسن 58 برس کی عمر میں اچانک انتقال کر گئے۔آئرش اداکار رے اسٹیونسن نے فلم ’آر آر آر‘ میں ویلن گورنر اسکاٹ کا کردار ادا کیا تھا جن کی موت 22 مئی 2023 کو اٹلی میں اچانک ہوئی تاہم اداکار کی موت کی حتمی وجہ اب تک معلوم نہیں ہوسکی ہے۔
رے کے یوں دنیا چھوڑ جانے پر آر آر آر کے ہدایتکار راجا مولی سمیت دیگر فنکاروں نے گہرے دُکھ کا اظہار کیا اور سوشل میڈیا پر پیغامات جاری کیے۔
راجا مولی نے اس خبر کو ایک صدمہ قرار دیا، انہوں نے ٹوئٹر پر جاری پیغام میں لکھا مجھے اس خبر کا یقین نہیں آرہا، رے کی وجہ سے فلم کے سیٹ پر ایک مثبت انرجی ہوا کرتی تھی، ان کے ساتھ کام کا تجربہ ایک حقیقی خوشی ثابت ہوا۔
راجا مولی نے کہا کہ میری دعائیں رے کی فیملی کے ساتھ ہیں جو اس گہرے صدمے میں مبتلا ہیں۔
واضح رہے کہ رے اسٹیونسن نے مارول کی فرنچائز کی ’تھور‘،’وار زون‘ اور ‘کنگ آرتھر’ جیسی فلموں میں کام کیا اور پذیرائی حاصل کی۔