(ویب ڈیسک ): وزیراعظم شہباز شریف نےکہا ہےکہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا ملک میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور سیاسی احتجاج کے حق کو دبانےکا الزام گمراہ کن ہے، 9 مئی کے واقعےکے تمام ذمہ داران کو قانون کے مطابق سزا مل رہی ہے۔
ٹوئٹر پر ردعمل دیتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی میڈیا کے ساتھ اپنے انٹرویوز میں چیئرمین پی ٹی آئی دانستہ طور پر کھلے عام مقامی اور بین الاقوامی سامعین کو بڑی مہارت سے جھوٹی باتوں اور غلط بیانی سےگمراہ کر رہے ہیں، ان کا 9 مئی کے بعد کے واقعات کو انسانی حقوق کی پامالی اور سیاسی احتجاج کو دبانے کے زاویے سے پیش کرنےکا مقصد بیرونی تجزیہ نگاروں کو غلط بیانیے سے دھوکا دینا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ریکارڈ کی درستگی کے لیے میں بتاتا چلوں کہ 9 مئی کو جو ان کی جماعت کا ریاست پر حملہ آور ہونے کا قابلِ مذمت اقدام بدنیتی اور ناپاک عزائم پر مبنی تھا،کسی بھی ملک کو اپنی سالمیت پر ایسا حملہ قطعاً برداشت نہ ہوگا۔
وزیراعظم نےکہا کہ سب کو یقین ہونا چاہیےکہ اس واقعےکے تمام ذمہ داران کو قانون کے مطابق سزا مل رہی ہے اور میں یہ یقینی بنا رہا ہوں، انسانی حقوق کی کہیں بھی پامالی نہ ہوئی اور نہ ہوگی، ہر کیس میں تمام قانونی ضابطے پورے کیے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنی تمام تر آئینی اور انسانی حقوق سے متعلق ذمہ داریوں کا احترام کرتا ہے اور انہیں پورا کرنے کے لیے پر عزم ہے۔