دبئی (ویب ڈیسک): گزشتہ روز متحدہ عرب امارات پہنچنے والے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کو دبئی حکومت کی جانب سے خصوصی پروٹوکول فراہم کیا جا رہا ہے۔نواز شریف فیملی کے ہمراہ دبئی میں اپنے داماد علی ڈار کی رہائش گاہ ایمریٹس ہلز میں قیام پزیر ہیں، نواز شریف آج رائل فیملی اور بزنس کمیونٹی کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے، ان ملاقاتوں میں مریم نواز بھی اپنے والد کے ہمراہ ہوں گی۔دبئی کی حکومت کی طرف سے نواز شریف کو خصوصی پروٹوکول دیا جارہا ہے، نواز شریف دبئی میں قیام کے بعد ابوظبی اور سعودی عرب جائیں گے، نواز شریف سعودی عرب میں تقریباً ایک ہفتہ قیام کے بعد دوبارہ دبئی آئیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف ابھی تک لندن میں موجود ہیں، ان کی روانگی جلد متوقع ہے، نواز شریف اپنی فیملی کے ہمراہ عید دبئی میں منائیں گے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کی ملاقاتوں کا پہلا سیشن اختتام پزیر ہو گیا ہے، نواز شریف کی پاکستان واپسی کا روڈ میپ طے کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کی وطن واپسی کے راستے میں حائل قانونی الجھنوں کے سلجھانے کے لیے ماہرین سے مشورے کیے جا رہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی سیاست کا مرکز ابھی دبئی رہے گا جس کے لیے کئی سیاسی رہنماؤں کی دبئی آمد کا امکان ہے، دبئی میں اگلے چند دنوں میں نواز شریف سے سیاسی رہنماؤں کی بیٹھکیں متوقع ہیں۔