ممبئی (شوبز ڈیسک): بھارتی اداکارہ فلورا سینی پراپرٹی فراڈ میں ایک کروڑ انڈین روپے سے محروم ہوگئیں اور انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کی رقم واپس دلوائی جائے۔ اداکارہ نے اوشیوارا کے علاقے میں ایک پروجیکٹ کے اندر پراپرٹی بک کروائی اور سات برس تک اس کی اقساط بھرتی رہیں اور انہیں 2021 میں اس کا قبضہ ملنا تھا۔
ایک تازہ انٹرویو میں اداکارہ نے بتایا کہ پروجیکٹ کا بلڈر دیوالیہ ہوگیا اور فراڈ کے مقدمے میں اسے گرفتار کرلیا گیا، ایک دوسرے بلڈر کو پروجیکٹ دیا گیا لیکن اسے بھی پروجیکٹ کی تکمیل میں کوئی دلچسپی نہیں ہے بلکہ وہ مزید رقم کا مطالبہ کر رہا ہے۔
فلورا سینی کا کہنا تھا کہ انہیں اب اس پروجیکٹ میں کوئی دلچسپی نہیں ہے اور وہ چاہتی ہیں کہ معاہدے کے مطابق ان کی رقم سود سمیت واپس کی جائے۔
بھارتی اداکارہ کے مطابق رقم کی واپسی کی امید پر انہوں نے مہاراشٹرا ریئل اسٹیٹ ریگولیٹری اتھارٹی میں شکایت بھی درج کرائی لیکن اس کا کوئی جواب نہیں آیا اور وہ اب قانونی کارروائی پر غور کررہی ہیں۔