الجزائر (ویب ڈیسک): دنیا میں آئے روز قدرت کے کرشمے ظاہر ہوتے ہیں جنہیں دیکھ کر انسان ششدر رہ جاتا ہے جیسا کہ گزشتہ دنوں دوران نماز نوجوان کی بینائی واپس لوٹ آئی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق دنیا کو حیران کر دینے والا یہ واقعہ عیدالاضحیٰ کے دوسرے روز الجزائر کے علاقے تیارت میں پیش آیا ہے جہاں نوجوان کی بینائی دوران نماز اچانک لوٹ آئی۔رپورٹ کے مطابق عیدالاضحی کے دوسرے روز الجزائری شہری احمد قداری علاقے کی مسجد میں با جماعت نماز مغرب ادا کر رہا تھا کہ دوسری رکعت میں سجدے سے سر اٹھانے کے بعد اس کی قسمت چمک اٹھی اور بے نور آنکھوں میں روشنی لوٹ آئی۔
احمد قداوی جس کی دو برس قبل بینائی مکمل طور پر ختم ہوگئی تھی اپنے دوست کے ہمراہ علاقے کی مسجد میں نماز مغرب باجماعت ادا کرنے آیا تھا۔ نوجوان مسجد آیا تو دوست کا ہاتھ تھام کر تھا لیکن واپس گیا تو اپنی آنکھوں سے مظاہر قدرت کا نظارہ کرتے بغیر کسی سہارے کے گیا۔
احمد قداوی نے مقامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ مسجد پہنچ کر وہ جماعت کے انتظار میں وہیں بیٹھ کر تسبیح پڑھ رہا تھا جب جماعت کھڑی ہوئی تو دوست نے ہاتھ تھام کر صف میں کھڑا کیا، جب دوسری رکعت میں سجدے سے سر اٹھائی تو مجھے اچانک دکھائی دینے لگا اور مسجد کا قالین نظر آنے لگا۔
نوجوان کے مطابق پہلے تو اسے خود بھی یقین نہ آیا کہ میں دیکھ سکتا ہوں جب نماز مکمل ہوئی تو میں نے اپنے دوست کا ہاتھ پکڑ کر اسے بتایا کہ میری بینائی لوٹ آئی ہے اور اب میں سب کچھ دیکھ سکتا ہوں۔
اس کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ کا یہ مجھ پر خاص کرم ہے کہ اس نے میری دعائیں سن لیں اور اس پر میں رب کا جتنا شکر ادا کروں کم ہے۔
احمد نے بتایا کہ اس کی یوں اچانک بینائی لوٹ آنے کی خبر نے مسجد کے دیگر نمازیوں پر خوشگوار حیرت طاری کر دی اور امام مسجد سمیت تمام نمازیوں نے اللہ تعالیٰ کی حمد وثنا کرتے ہوئے نوجوان کو مبارک باد دی۔