ممبئی (شوبز ڈیسک): اداکار اکشے کمار سمیت بالی ووڈ کے متعدد اسٹارز نے منی پور میں ہونے والے ہولناک واقعہ کی مذمت کی ہے۔بالی ووڈ اداکار اکشے کمار نے سوشل میڈیا پر بیان میں کہا کہ منی پور میں خواتین کے ساتھ ہونے والے گھناؤنے واقعے کو دیکھ کر لرز گیا۔ امید ہے واقعہ میں ملوث افراد کو اتنی کڑی سزا دی جائے گی کہ آئندہ کوئی ایسا کرنے کی جرات نہ کرسکے۔
ویٹرن اداکارہ ارملا متونڈکر کا کہنا تھا کہ منی پور میں ہونے والے واقعہ پر صدمے میں ہوں۔ اقتدار کے نشے میں دھت افراد ، میڈیا میں موجود ان جوتے چاٹنے والے جوکر اور اس واقعہ پر خاموش رہنے والے سیلبریٹیز کو شرم آنا چاہیے۔
اداکار رتیش دیش مکھ نے کہا کہ منی پور میں جو ہوا اس سے دل دہل گیا۔ اس واقعہ پر صدمے کے ساتھ ساتھ شدید غصہ ہے۔ خواتین کی عزت پر حملہ، انسانیت کے وقار پر حملہ ہے۔
اداکارہ ریچا چڈھا نے واقعہ کو ہولناک ، شرمناک اور لا قانونیت قرار دیا۔