کراچی (ویب ڈیسک): سندھ پولیس نے کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن کے لیے حتمی پلان تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔آئی جی سندھ کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کی کمیٹی بنا دی گئی ہے جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری ہو گیا ہے، 14 رکنی کمیٹی کچے میں آپریشن کے لیے جامع پلان ترتیب دے گی۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی ہدایت پر بنائی گئی کمیٹی میں ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ، ڈی آئی جی آر آر ایف لاڑکانہ و سکھر، ایس ایس پی کشمور اور گھوٹکی بھی شامل ہیں، اس کے علاوہ حساس ادارے، رینجرز اور فوج کے نمائندے بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کمیٹی کشمور،گھوٹکی، شکار پور، سکھر میں ڈاکوؤں کے ٹھکانوں کی تفصیلات جمع کرے گی، ڈاکوؤں کے ٹھکانے ختم کرکے پولیس بیس کیمپ بنانے کے لیے پلان بنایا جائے گا۔
نوٹیفکیشن میں کیا گیا ہے کہ سندھ کے کچے کے علاقے میں مستقل امن کے لیے پلان پیش کیا جائے گا، کمیٹی وزیر اعلیٰ سندھ کو 6 دن میں رپورٹ پیش کرے گی۔
خیال رہے کہ سندھ اور پنجاب کی سرحدی پٹی میں کچے کے علاقوں میں ڈاکوؤں کے خلاف گزشتہ 6 ماہ سے آپریشن جاری ہے جس میں اب تک ڈاکوؤں سے کچے کا علاقہ خالی نہیں کروایا جا سکا ہے۔