اسلام آباد (اسپورٹس ڈیسک): پاکستان کی میزبانی میں ہونے والے ایشیا کپ کے ٹکٹس کی فروخت کل بروز ہفتہ سے شروع ہو گی۔ایشیا کپ کا آغاز 30 اگست سے ہو رہا ہے اور ٹورنامنٹ کا پہلا میچ پاکستان اور نیپال کی ٹیموں کے درمیان ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں ہو گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ ایشیا کپ کے میچوں کے ٹکٹس پی سی بی کی ویب سائٹ پر دستیاب ہوں گے اور پہلے مرحلے میں ملتان کرکٹ اسٹیڈیم اور قذافی اسٹیڈیم لاہور میں وی آئی پی اور پریمیئم انکلوژرز کے ٹکٹس فروخت کے لیے پیش کیے جائیں گے۔
پی سی بی اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ فرسٹ کلاس اور جنرل انکلوژرز کے ٹکٹس کی فروخت کا اعلان پاکستان کے 76 ویں یوم آزادی والے روز کیا جائے گا۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ سری لنکا میں ہونے والے میچز کے ٹکٹس کی تفصیلات سے متعلق بعد میں اعلان کیا جائے گا۔