مشی گن (ویب ڈیسک): امریکی ریاست مشی گن کے شہر ساؤتھ فیلڈ میں ایک فیملی نے مارٹ سے سیل بند پالک خریدی لیکن وہ یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ پیکٹ میں ایک زندہ مینڈک تھا۔امریکی میڈیا کے مطابق مشی گین کی خاتون ایمبر وورک نے کہا کہ انہوں نے ارتھ باؤنڈ فارمز کی پالک کا پیکج ساؤتھ فیلڈ میں ٹیلی گراف روڈ پر واقع ایک سپر اسٹور سے خریدا اور ان کی بیٹی نے گھر پر آکر اس پیکج کو کھولا۔
ایمبر نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ گھر پر میری بیٹی چیخ رہی تھی اور چلاتے ہوئے کہہ رہی تھی کہ او مائی گاڈ، اس میں ایک مینڈک ہے۔ پہلے پہل تو مجھے لگا کہ اس کی نظر کو کوئی دھوکا ہوا ہوگا تاہم جب انہوں نے خود دیکھا تو حیرت کی انتہا نہیں رہی۔
خاتون کا یہ بھی کہنا تھا کہ مینڈک کو دیکھ کر وہ ایک طرف راحت بھی محسوس کر رہی تھیں کہ شکر ہے پالک بنانے سے پہلے ان کی بیٹی نے مینڈک دیکھ لیا۔ انہوں نے پیکج کو اسٹور پر واپس کردیا اور رقم واپس لے لی۔
سپر اسٹور کی انتظامیہ نے نے ڈیٹرائٹ فری پریس کو بتایا کہ مینڈک کو احتیاط سے باہر چھوڑ دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ پروڈکٹ ارتھ باؤنڈ فارمز کی طرف سے آئی تھی جو کہ ملک بھر میں سپر اسٹور کے شراکت داروں میں سے ایک ہے اور تازہ ترین پیداوار ہمارے اسٹورز کو روزانہ ڈیلیور کرتا ہے۔
دوسری جانب ارتھ باؤنڈ فارمز کی پیرنٹ کمپنی ٹیلر فارمز کا کہنا تھا واقعے کے حوالے سے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔