ٹنڈو آدم (ویب ڈیسک): چھوٹی سی عمر میںمسنگ پرسن بننے والے اور اپنی جوانی سندھ وطن پر قربان کرنے والے سندھ کے خوبصورت نوجوان قومی کارکن افضل لُنڈ کو نا معلوم افراد نےٹنڈوم آدم شہر کے علاقے گھوڑا چوک پر فائرنگ کر کے شہید کر دیا۔تفصیل کے مطابق یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل شہید افضل لُنڈ کو سوشل میڈیا پر انقلابی شاعری پڑھنے اور قوم پرست سرگرمیوں کی بنا پر اُٹھاکر مسنگ پرسن بنادیا گیا تھا ، جس پر سندھ بھر میں شدید احتجاج پر اُسے ظاہر کر کے عدالت میں مختلف کیسز میںچالان کیا گیا جوکہ بعد میں عدالت سے جھوٹے ثابت ہوئے اور عدالت نے اُسے باعزت بری کردیا .
جس کے بعد وہ ایک نجی مائکرو فنانس بینک میں بطور لون آفیسر کام کر رہا تھا . افضل لُنڈ اکو آج لون کی جھوٹی فون کال کے ذریعے جائے وقوع پر بلاکر شناخت کے بعد گولیاں مارکر قتل کردیا گیا. جس کی تصدیق موقع پر موجود افضل لُنڈ کے دوست آصف عمرانی نے کی جو اُس وقت موٹر سائیکل پر اُس کے ساتھ سوار تھا.
میت کو ایمبولنس میںشفٹ کرتے وقت شہید افضل لُنڈ کے والدین صدمہ سے نڈھال اور ماتم کناں ہوگئے . والدہ کی جانب سے یا حسین ، “ظالموں نے ظلم کیا ہے “کے جملوں نے تمام موجود لوگوں کو رُلادیا .
اطلاعات ملتے ہی سندھ بھر کی فضا سوگوار ہوگئی اور مختلف قوم پرست جماعتوں کی جانب سے واقعے کی شدید مذمت کے ساتھ ساتھ قاتلوں کی گرفتاری کا پُرزور مطالبہ کیا جارہا ہے .
سندھ سبھا لاڑکانہ کی جانب سے کل صبح 11 بجے لاڑکانہ پریس کلب کے سامنے “شہید افضل لُنڈ کے قاتلوں کو گرفتار کرو”اور “سندھی سیاسی کارکنوں کی ٹارگٹ کلنگ بند کرو!” کے عنوانات سےاحتجاج کیا جائے گا۔