اسلام آباد (ویب ڈیسک): اسلام آباد کی قائد اعظم یونیورسٹی سنڈیکیٹ اجلاس میں طلبہ یونین کی بحالی کا فیصلہ کرلیا گیا اور قواعد طے کرنے کے لیے کمیٹی قائم کی گئی ہے۔قائد اعظم یونیورسٹی سنڈیکیٹ اجلاس میں چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے بحثیت رکن شرکت کی۔ چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ وائس چانسلر پروفیسر نیاز کی زیر صدارت اجلاس میں شریک ہوئے۔ذرائع کے مطابق قائد اعظم یونیورسٹی سنڈیکیٹ نے یونیورسٹی میں طلبہ یونین کی بحالی کا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکرٹری تعلیم وسیم اجمل کی سربراہی میں طلبہ یونین کے لیے قواعد طے کرنے کے لیے کمیٹی قائم کردی ہے۔
ذرائع نے بتایاکہ چیف جسٹس نے یونیورسٹی میں اسلحہ بردار پولیس، رینجرز اور سکیورٹی کی موجودگی پر ناراضی کا اظہار کیا اور کہا کہ یونیورسٹی کو اسلحہ و منشیات سے پاک رکھیں۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ یونین غیر جماعتی ہو، فرقہ واریت، لسانی تقسیم سے پاک ہو، قائداعظم یونیورسٹی کے پہلے قانون میں یونین موجود تھی، جنرل ضیا الحق کے مارشل لا کے پہلے حکم میں یونیورسٹی یونین ختم کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی یونیورسٹی معاملات میں مداخلت کی اجازت نہ دیں ، ایجنسیوں کو بھی یونیورسٹی معاملات سے پرے رکھیں، یہاں اعلیٰ تعلیم پر توجہ دی جائے۔
ذرائع نے بتایاکہ چیف جسٹس پاکستان نے قائد اعظم یونیورسٹی کیمپس میں سائیکلنگ کو فروغ دینے کی ہدایت بھی کی۔
خیال رہے کہ قائد اعظم یونیورسٹی میں آ خری بار قائم مقام چیف جسٹس بھگوان داس نے دورہ کرکے اجلاس میں شرکت کی تھی، سابق چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے ایک بار آن لائن اجلاس میں شرکت کی تھی۔