کراچی (اسپورٹس ڈیسک): آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ 2023 میں دوسرا اپ سیٹ گزشتہ روز ہوا جب نیدرلینڈز نے جنوبی افریقا کو 38 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں پہلی کامیابی حاصل کی۔جنوبی افریقا کی ٹیم نیدرلینڈز کے 246 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 42.5 اوورز میں207 رنز بناسکی، ڈیوڈ ملر 43 رنز بناکر نمایاں رہے۔نیدرلینڈز نے گزشتہ سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھی جنوبی افریقا کو اپ سیٹ شکست دے کر ایونٹ سے باہر کر دیا تھا جب کہ رواں ورلڈکپ میں یہ دوسرابڑا سپ سیٹ ہے، اس سے قبل گزشتہ دنوں افغانستان نے دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو شکست دی تھی۔
اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر بھارت 6 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر ہے جس نے 3 میچز کھیلے اور تینوں میں کامیاب رہا، بھارتی ٹیم کا نیٹ رن ریٹ 1.821 برقرار ہے۔
دوسری پوزیشن اس وقت نیوزی لینڈ کی ہے، یہ بھی اب تک ٹورنامنٹ میں اب تک ناقابلِ شکست ٹیم ہے جس نے 3 میچز کھیلے اور تینوں میں کامیابی حاصل کی، کیوی ٹیم کا نیٹ رن ریٹ 1.604 ہے۔
پوائنٹس ٹیبل پر جنوبی افریقا بدستور تیسری پوزیشن پر ہے جس کے 4 پوائنٹس ہیں، جنوبی افریقا نے 3 میچ کھیلے، 2 میں کامیابی ہوئی جب کہ ایک میں ناکامی ہوئی، نیدرلینڈز سے شکست سے افریقی ٹیم کا نیٹ رن ریٹ جو پہلے زیادہ تھا وہ اب کم ہوکے 1.385 ہوگیا ہے۔
اس کے علاوہ پاکستانی ٹیم چوتھے نمبر پر ہے جس نے 3 میچز کھیلے اور 2 میں کامیابی حاصل کی، پاکستان کا نیٹ رن ریٹ منفی 0.137 ہے۔
پوائنٹس ٹیبل پر پانچوان نمبر انگلینڈ، چھٹا افغانستان، ساتواں بنگلادیش، آٹھواں آسٹریلیا، نواں نیدرلینڈز اور دسواں نمبرسری لنکا کا ہے۔