کراچی (اسپورٹس ڈیسک): ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ( پی ایس ایل) 9 کراچی آگیا مگر اسٹیڈیم میں تماشائی میچ دیکھنے نہ آئے۔ملتان اور لاہور میں پی ایس ایل کے میچز ہونے کے بعد اب ٹورنامنٹ کے میچز کراچی میں شروع ہوگئے ہیں۔ پی ایس ایل 9 کا کراچی میں آج پہلا میچ کھیلا جارہا ہے۔
بدھ کوکراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کے خلاف میچ میں ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
اس میچ کو دیکھنے اسٹیڈیم میں شائقین کی عدم دلچسپی نظر آئی، اسٹینڈ خالی دکھائی دیے ہیں۔
اسلام آباد اور کراچی کے درمیان میچ کے لیے ہونے والے ٹاس کے وقت بھی تماشائی کم ہونے کی وجہ سے ایک تالی تک نہیں بجی۔
ذرائع کے مطابق 32 ہزار گنجائش والے نیشنل اسٹیڈیم میں تاحال ایک سے ڈیرھ ہزار شائقین موجود ہیں۔
واضح رہے کہ لاہور اور ملتان میں ہونے والے میچز میں شائقین بڑی تعداد میں اسٹیڈیم میں میچ دیکھنے آئے تھے۔