ممبئی (شوبز ڈیسک): بالی ووڈ اسٹار عالیہ بھٹ کا کہنا ہے کہ بالی ووڈ میں قدم رکھنے کے بعد شکل و صورت اور وزن پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔بھارتی چینل کو انٹرویو میں بالی ووڈ کی مقبول اداکارہ عالیہ بھٹ نے کہا کہ اداکاری شروع کی تو میں موٹی تھی اور میرا رنگ اور شکل و صورت بھی ہیروئینز والی نہیں تھی۔ بالی ووڈ میں قدم رکھنے سے پہلے میں اپنے آپ سے مطمئن تھی تاہم اداکاری شروع کرنے کے بعد میرے لیے صورتحال تبدیل ہوگئی۔
اداکارہ نے انکشاف کیا کہ کیرئیر کے ابتدائی دور میں مجھے مٹاپے اورشکل کی بنیاد پر تنقید اور طنز کا نشانہ بنایا گیا۔ وزن کم کرنے کے باوجود آج تک میں وزن کے بارے میں محتاط ہوں اوروزن کو کنٹرول میں رکھنے کے لیے جدوجہد کرتی رہتی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میرے دوست مجھے کہتے ہیں کہ اب ڈائیٹنگ کرنا چھوڑ دو اور زندگی کو انجوائے کرو لیکن میں خود کو بالی ووڈ کے تقاضوں کے مطابق رکھنا چاہتی ہوں۔ عالیہ بھٹ گنگو بائی کاٹھیا واڑی، ہائے وے سمیت متعدد ہٹ فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں اور عمدہ اداکاری پر ایوارڈ حاصل کرچکی ہیں۔