کراچی (اسپورٹس ڈیسک): پاکستانی پیسر شاہین آفریدی نے انگلینڈ کے خلاف دوسرے اور تیسرے ٹیسٹ میچ کے لیے اسکواڈ سے ڈراپ کیے جانے کے بعد سوشل میڈیا پر پیغام جاری کردیا۔انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کا آغاز آج سے ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگیا، دوسرے اور تیسرے ٹیسٹ میچ کے لیے پاکستانی اسکواڈ سے بابر اعظم، نسیم شاہ اور شاہین آفریدی کو ڈراپ کردیا گیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ سابق کپتان بابر اعظم سمیت 4 ٹاپ کھلاڑیوں کو اس لیے آرام دیا گیا ہے تاکہ وہ نئے سرے سے تازہ دم ہوکر واپس آسکیں تاہم شاہین آفریدی نے 14 اکتوبر پیر کے روز ٹوئٹ میں پاکستانی ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
فاسٹ بولر نے لکھا کہ ‘پاکستانی ٹیم کے لیے میری طرف سے نیک خواہشات ہیں، ایک طاقتور کم بیک کی پوری امید ہے، ہم سب ٹیم کے ساتھ ہیں’۔
واضح رہے کہ اس حوالے سے شاہد آفریدی نے بھی بیان جاری کیا، انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک بیان میں کہا کہ بابر اعظم، شاہین آفریدی اور نسیم شاہ کو انٹرنیشنل کرکٹ سے بریک دینےکے فیصلے کو سپورٹ کرتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ ان چیمپئن کھلاڑیوں کی حفاظت کرے گا اور ان کا کیرئیر بھی طویل ہوگا۔
شاہد آفریدی کے مطابق اس فیصلے سےکھلاڑیوں کے ٹیلنٹ کو گروم کرنے اور ان کو ٹیسٹ کرنےکا موقع ملےگا، اس سے مستقبل کے لیے بینچ اسٹرینتھ کو مضبوط بنانےکا موقع بھی ملےگا۔