والنسیا- اسپین (ویب ڈیسک): اسپین میں طوفانی بارشوں کے بعد آنے والے سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 100 تک پہنچ گئی ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسپین کو دہائیوں بعد بدترین سیلابی صورتحال کا سامنا ہے۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ مشرقی صوبے والنسیا میں شدید بارشوں کی وجہ سے آنے والے سیلاب نے ناصرف نظام زندگی درہم برہم کر دیا بلکہ انفرا اسٹرکچر کو بھی نقصان پہنچایا اور مختلف حادثات میں 95 سے زائد قیمتی جانیں ضائع ہو گئیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سیلاب کی وجہ سے متعدد سڑکیں اور پل بہہ گئے اور لوگوں کو اپنی جانیں بچانے کیلئے گھروں کی چھتوں کا استعمال کرنا پڑا، سیلابی ریلوں میں متعدد لوگ لاپتہ بھی ہو گئے جن کی تلاش کا کام جاری ہے۔
سیلابی صورت حال کی وجہ سے اسپین کے وزیر اعظم نے 3 روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا ہے اور حکومت کی جانب سے مزید ہلاکتوں کا خدشہ بھی ظاہر کیا کیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس سے قبل 1973 میں اسپین میں آنے والے سیلاب کی وجہ سے 150 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔