سکھر(نجات نیوز)سندھ اسپورٹس بورڈ کے تعاون سے سندھ کوڈی کوڈی ویلفیئر ایسوسی ایشن سندھ نے سکھر کے جناح میونسپل اسٹیڈیم میں گھوٹکی اور سکھر کی ٹیموں کے درمیان کوڈی کوڈی کے مقابلے کا انعقاد کیا، سکھر کی ٹیم نے کھیل جیت کر گھوٹکی کی ٹیم کو شکست دی۔سندھ کوڈی کوڈی ویلفیئر نے دونوں ٹیموں کو ٹرافیاں، کپ اور نقد انعامات دئیے۔
اس موقع پر سندھ کوڈی کوڈی ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر حاجی علی حسن شیخ، جنرل سیکریٹری محمد پناہ مہر اور دیگر نے کہا کہ کوڈی کوڈی سندھ کا ثقافتی کھیل ہے، جس کو فروغ دینے کے لیے کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد کیا گیا ہے،
سندھ کوڈی کوڈی ویلفیئر ایسوسی ایشن تنظیم کا مقصد نوجوانوں کو قدیم کھیل کی طرف راغب کرنا ہے تاکہ آنے والی نسل ثقافتی کھیلوں کے بارے میں جان سکے۔انہوں نے کہا کہ ہماری تنظیم نے سکھر ڈویژن سمیت سندھ کے دیگر اضلاع میں کوڈی کوڈی ، ملھ اور ونجھ وٹی کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد کیا .جس میں جیتنے والی اور رنر اپ ٹیموں کو نقد انعامات اور ٹرافیاں دی گئیں، جبکہ مہمانوں کو اجرک اور ٹوپیاں بھی پیش کی گئیں۔