کراچی(نجات نیوز): احتساب عدالت کراچی نے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔ اسپیکر سندھ اسمبلی کا کہنا ہے تفصیلی فیصلہ دیکھ کر ہائی کورٹ سے رجوع کریں گے۔
کراچی کی احتساب عدالت میں اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی اور دیگر کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے ریفرنس کی سماعت ہوئی جس میں عدالت نے آغا سراج کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔
واضح رہے کہ آغا سراج درانی جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں اور محکمہ داخلہ سندھ نے آغا سراج درانی کے گھر کو سب جیل قرار دے رکھا ہے۔
ضمانت مسترد ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آغا سراج درانی نے کہا کہ تفصیلی فیصلہ دیکھ کر ہائی کورٹ سے رجوع کریں گے۔
عمران خان کی جانب سے اسمبلی تحلیل کرنے کے اعلان پر اسپیکر سندھ اسمبلی نے کہا کہ اسمبلیاں 5 سال کے لیے چلتی ہیں۔ اسمبلی تحلیل کرنے کی وجوہات اسپیکر کے سامنے بیٹھ کر لکھی جائیں گی جس کے بعد اسمبلی تحلیل کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔