اسلام آباد (نجات نیوز): اداروں میں بغاوت پر اکسانے کے الزام میں پی ٹی آئی رہنما شہباز گل ایمبولینس پر عدالت پہنچ گئے۔ عدالت نے عماد یوسف کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے شہباز گل پر فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی 20 جنوری تک مؤخر کردی۔
ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا کے روبرو سماعت کے دوران وکیل نے بتایا کہ عماد یوسف کو ملیریا ہوگیا ہے۔ عماد یوسف کی جانب سے استثنا کی درخواست دائر کی جا رہی ہے۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ لگتا ہے یہاں باریاں لگی ہوئی ہیں۔ شہباز گل ایمبولینس پر لاہور سے آ گئے یہ کراچی سے نہیں آئے۔ اس موقع پر عماد یوسف کی میڈیکل رپورٹ عدالت کے سامنے پیش کی گئی۔
شہباز گل کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ شہباز گل عدالت کے باہر ایمبولینس میں موجود ہیں۔ جج نے کہا کہ یہ معاملہ لٹک رہا ہے، لگتا ہے ٹائم آگے کیا جا رہا ہے۔ وکیل نے کہا کہ یہ بیمار آدمی کے وارنٹ گرفتاری جاری کرا دیتے ہیں۔
عدالت نے 50 ہزار روپے مچلکوں کے عوض عماد یوسف کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے کیس سماعت ملتوی اور شہباز گل پر فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی 20 جنوری تک مؤخر کردی۔