سکھر (نجات نیوز) سندھ کے تیسرے بڑے شہر سکھر میں حکومت کی جانب سے لگائے گئے سستے آٹے کے سٹال کو نامعلوم مسلح ملزمان نے لوٹ لیا۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر کا کہنا ہے کہ ملٹری روڈ پر پبلک سکول کے قریب قائم سستے آٹے کے سٹال کو نامعلوم مسلح افراد لوٹ کر فرار ہوگئے.
نامعلوم ملزمان نے سٹال سے 20 آٹے کے تھیلے اور 45 ہزار نقدی لوٹی۔ خیال رہے کہ ملک بھر میں آٹے کی قلت کے باعث اس کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔
مختلف شہروں میں آٹے کی قیمت 140 سے 160 روپے فی کلو گرام تک پہنچ چکی ہے۔ آٹے کی قیمتوں پر قابو پانے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے حکومت نے سستے آٹے کے سٹال لگانے کا سلسلہ شروع کیا ہے۔