کیپ ٹاون: ہاشم آملہ نے 2019 میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا جس کے بعد وہ انگلش کاؤنٹی میں کھیلتے نظر آتے تھے، تاہم اب انہوں نے پروفیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔
39 سالہ ہاشم آملہ نے 124 ٹیسٹ میچز میں جنوبی افریقا کی نمائندگی کہ جس میں اُنہوں نے 46.64 کی اوسط سے 9ہزار 282 رنز بنائے، جس میں 28 سنچریاں بھی شامل تھی، جیک کیلس کے بعد وہ اس فارمیٹ میں جنوبی افریقا کی جانب سے سب سے زیادہ رنز کرنے والے بیٹر ہیں۔
ہاشم آملہ کا ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے بڑا سکور 311رنز ناٹ آؤٹ ہے جو اُنہوں نے2012 میں انگلینڈ کے خلاف اوول میں بنایا تھا،وہ ٹرپل سنچری سکور کرنے والے جنوبی افریقا کے پہلے بیٹر بھی ہیں۔
ہاشم آملہ نے تینوں فارمیٹس میں مجموعی طور پر18 ہزار 672 رنز سکور کیے ، اُنہوں نے جنوبی افریقا کی جانب سے 181 ون ڈے اور 44 ٹی ٹوئنٹی بھی کھیلے ہیں۔انہوں نے 181 ون ڈے میچز میں 27 سنچریوں کی مدد سے 8 ہزار 113 رنز بنائے جبکہ 44 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں ایک ہزار 277 رنز اسکور کیے۔