گھوٹکی میں رونتی کے کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن جاری ہے جس کے نتیجے میں 5 مغویوں کو بازیاب کرایا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق مغویوں کا تعلق پشین،کوئٹہ، تنگوانی اور حیدرآباد سے ہے اور یہ ایک سے 4 ماہ تک یرغمال بنے رہے۔
پولیس کے مطابق ڈاکوؤں سے بازیاب کرائے گئے مغویوں سے 30 لاکھ روپے سے ایک کروڑ روپے تک تاوان طلب کیا گیا تھا۔
اس موقع پر بازیاب ہونے والے ایک مغوی کا کہنا تھا کہ سیلاب میں ان کا گھر تباہ ہوا، امداد کے لیے سوشل میڈیا پر مدد مانگی تو جھانسہ دے کر بلا لیا گیا۔
عصمت اللہ نامی مغوی کا کہنا تھا کہ سستی گائے اور بھینس کی تصویر دکھائی گئی، خرید نے گیا تو اغواء کر لیا گیا۔
بازیاب ہونے والے محمد بخش کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر ٹریکٹر کا اشتہار دیکھا اور جب خریدنے کے لیے آیا تو اغوا کر لیا گیا۔