اسلام آباد (نیوز ڈیسک): ملک میں ساتویں مردم شماری کا عمل ایک ماہ کے لیے ملتوی کردیا گیا ہے۔
وفاقی ادارہ شماریات نے مردم شماری کی تاخیرکا نوٹیفکیشن تمام متعلقہ محکموں کو ارسال کر دیا ہے جس میں کہا گیا ہےکہ ناگزیر حالات اور وجوہات کی بناء پر مردم شماری کے فیلڈ آپریشن میں تاخیرکرنےکا فیصلہ کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق مردم شماری کا فیلڈ آپریشن یکم مارچ سے یکم اپریل تک جاری رہےگا۔
مردم شماری کے لیے فیلڈ آپریشن پہلے یکم فروری کو شروع ہونا تھا جب کہ مردم شماری کا عمل یکم فروری سے چار مارچ تک جاری رہنا تھا، مردم شماری میں تاخیر کا فیصلہ پانچویں مردم شماری مانیٹرنگ کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا، مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس 17 جنوری کو منعقد ہوا تھا۔
مردم و خانہ شماری کے التوا کے مراسلےکی کاپی پاک فوج سمیت صوبائی حکومتوں اور ادارہ شماریات کے صوبائی حکام کو ارسال کر دی گئی ہے، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت تمام صوبوں کے فوکل پرسنز اور چیف سیکرٹریز کو بھی مراسلے کے ذریعے مردم شماری میں ایک ماہ کی تاخیر سے متعلق آگاہ کر دیا گیا ہے۔