پشاور (نیوز ڈیسک): گورنر خیبرپختونخوا غلام علی نے نگران صوبائی کابینہ سے حلف لے لیا۔ گورنر کے پی غلام علی نے گورنر ہاؤس میں 15 رکنی نگران کابینہ سے حلف لیا، حلف برداری کی تقریب میں نگران وزیراعلیٰ کے پی اعظم خان اور دیگر اعلیٰ شخصیات بھی شامل تھیں۔
قبل ازیں خیبرپختونخوا کی نگران کابینہ کے حوالے سے محکمہ انتظامیہ نے احکامات جاری کیے تھے۔
محکمہ انتظامیہ کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا غلام علی نے نگران کابینہ کے ارکان تعینات کر دیے ہیں۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے عبدالحلیم قصوریہ، سید مسعود شاہ، حامد شاہ، جسٹس ریٹائرڈ ارشاد قیصر اور منظور خان آفریدی نگران کابینہ کا حصہ ہیں۔
محکمہ انتظامیہ کے مطابق نگران کابینہ میں شفیع اللہ خان، شاہد خان خٹک، حاجی غفران، ساول نذیر ایڈووکیٹ، بخت نواز، فضل الٰہی، عدنان جلیل، خوشدل خان ملک، تاج محمد آفریدی اور محمد علی شاہ شامل ہیں۔
گزشتہ روز نگران وزیر اعلیٰ کے پی اعظم خان سے کابینہ کی تشکیل کے حوالے سے گورنر غلام علی سے تفصیلی مشاورت کی تھی، ملاقات میں نگران کابینہ اور الیکشن کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔
دوسری جانب سابق وزیراعلیٰ کے پی محمود خان نے نگران کابینہ کے حوالے سے گورنر اور نگران وزیراعلیٰ اعظم خان کے ساتھ مشاورت سے انکار کر دیا تھا۔