اسلام آباد (ویب ڈیسک): چین کے صدر شی جن پنگ نے سانحہ پشاور پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے انسداد دہشت گردی کے لیے پاکستان کی بھرپور حمایت جاری رکھنے اور تعاون کو مزید گہرا کرنے کا اعلان کیا ہے۔خبررساں ادارے ’اے پی پی‘ کے مطابق چینی صدر شی جن پنگ نے وزیراعظم شہباز شریف کے نام ایک تعزیتی پیغام میں چینی حکومت اور عوام کی جانب سے پشاور میں دہشت گردی کے واقعہ میں شہید ہونے والوں کے لواحقین سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ چین انسداد دہشت گردی کے قومی ایکشن پلان کو فروغ دینے، سماجی استحکام کو برقرار رکھنے اور عوام کی سلامتی کے تحفظ کے لیے پاکستان کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔
چین کے صدر نے اپنے پیغام میں مزید کہا ہے کہ خطے اور دنیا میں امن و سلامتی کے مشترکہ تحفظ کے لیے پاکستان کے ساتھ انسداد دہشت گردی تعاون کو مزید گہرا کرنے کے لئے تیار ہے۔
علاوہ ازیں چینی وزیراعظم لی کی چیانگ نے بھی وزیراعظم محمد شہباز شریف کو پشاور دہشت گرد حملے میں جانی نقصان پر تعزیتی پیغام دیا۔
دریں اثنا وزیراعظم شہبازشریف نے سانحہ پشاور میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرنے والے دوست ممالک کا شکریہ اداکیا ہے۔
I thank all the friendly countries for their condolences & profound sympathies on the loss of precious lives in Peshawar tragedy. We deeply value this show of solidarity at this difficult time. With support of our people, we will crush terrorists & eliminate them from our soil.
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) February 2, 2023
انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ سانحہ پشاور میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر تعزیت اور گہری ہمدردی پر تمام دوست ممالک کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
شہباز شریف نے کہا کہ ہم اس مشکل وقت میں یکجہتی کے اس مظاہرے کو دل کی گہرائیوں سے قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
انہوں نے دہشتگردی کے خاتمے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’اپنے عوام کے تعاون سے ہم دہشت گردوں کو کچل کر اپنی سرزمین سے ختم کر دیں گے‘۔