لاس اینجیلس(شوبز ڈیسک): پاکستانی گلوکارہ عروج آفتاب نے دنیائے موسیقی کے اعلیٰ ترین گریمی ایوارڈز میں بہترین پرفارمنس دے کر مداحوں کے دل جیت لیے۔ سال 2022 میں اپنے مشہور گانے ’محبت‘ سے گریمی میں بہترین گلوبل میوزک پرفارمنس کا ایوارڈ جیتنے والی گلوکارہ عروج آفتاب دوسرا گریمی ایوارڈ حاصل کرنے میں ناکام ہوگئیں۔
سال 2023 کے گریمی ایوارڈز کیلئے عروف آفتاب کو دوسری مرتبہ نامزد کیا گیا تھا، پاکستانی نژاد امریکی گلوکارہ عروج آفتاب کا گانا ’ادھیڑو نہ‘ گریمی ایوارڈ کے لیے نامزد ہوا تھا۔
تاہم گلوکارہ نے گریمی ایوارڈز کی تقریب میں بہترین پرفارمنس دے کر گریمی میں پرفارم کرنے والی پہلی پاکستانی گلوکارہ کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔ دوسری جانب امریکی مشہور گلوکارہ بیونسے نے سب سے زیادہ گریمی ایوارڈز حاصل کرنے کا ریکارڈ توڑتے ہوئے 32واں گریمی ایوارڈ بھی جیت لیا۔
بیونسے اتنے زیادہ گریمی ایوارڈ حاصل کرنے والی دنیا کی پہلی فنکارہ ہیں، بیونسے کو بہترین البم، بہترین ریکارڈنگ اور سال کے بہترین گانے پر کئی ایوارڈز سے نوازہ جا چکا ہے۔
علاوہ ازیں ہیری اسٹائل کو بیسٹ پاپ ووکل البم کے ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب رہے، بیسٹ نیو آرٹسٹ کی کٹیگری میں انیتا، عمر اپولو اور ڈومی اینڈ ڈی جے بیک نے ایوارڈ اپنے نام کیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز لاس اینجیلس میں منعقد گریمی ایوارڈز کی رنگارنگ تقریب میں پہلی مرتبہ کوئی اُردو گانا پیش کیا گیا تھا۔