پشاور (ویب ڈیسک): پاکستان تحریک انصاف (پی ٹٰی آئی) کے صوبائی صدر پرویز خٹک کی جانب سے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو خط لکھا گیا ہے۔پرویز خٹک کی جانب سے الیکشن کمیشن کو لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ گورنر خیبرپختونخوا اپنے آئینی اختیارات سے تجاوز کررہے ہیں، انکا کام اسمبلی تحلیل کے 90 روز کے اندر پولنگ کے دن کا تعین کرنا ہے۔
پرویز خٹک نے کہا کہ گورنر خیبرپختونخوا کو نگراں حکومت کے امور میں مداخلت سے روکا جائے، گورنر نگراں حکومت کے امور میں براہ راست مداخلت کر رہے ہیں۔
خط کے متن میں کہا گیا کہ گورنر کے اقدامات نگراں حکومت کی ساکھ اور غیر جانبداری کو ختم کر رہے ہیں۔ گورنر کے اقدامات صوبائی انتخابات کو متنازعہ بنانے کی کوشش ہے۔
گورنر کو وفاق کا نمائندہ ہوتے ہوئے اپنے اقدامات اور گفتگو میں انتہائی محتاط ہونا چاہیے، اقدامات سے لگتا ہے کہ وہ صوبے کے خود ساختہ چیف ایگزیکٹو ہیں۔
پرویز خٹک نے کہا کہ گورنر خیبرپختونخوا کے بیانات سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ انتخابات میں تاخیر چاہتے ہیں، انہوں نے صوبے کی نگراں کابینہ کے چناؤ کا اعتراف کیا ہے۔
خط میں مزید کہا گیا کہ گورنر نگران حکومت پر اثر انداز ہورہے ہیں، الیکشن کمیشن گورنر خیبرپختونخوا کو حکومتی معاملات میں مداخلت سے روکے۔