(ویبڈیسک ): فیصل آباد میں گولی لگنے سے نوبیاہتا دلہن کی ہلاکت کے واقعے نے نیا رخ اختیارکرلیا ہے، پولیس نے دلہن کے 10 سالہ بھانجےکو گرفتار کرکے اس کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا۔پولیس کے مطابق فیصل آباد کی تحصیل جڑانوالا کے چک 233 گ ب میں 2 دسمبر کو شادی کے 2 دن بعد دلہن سر میں گولی لگنے سے ہلاک ہوگئی تھی، جس پر دلہن کے والد نے پولیس کو بیان دیا تھا کہ اس کی بیٹی ٹک ٹاک ویڈیو بناتے ہوئے سر میں گولی لگنے سے جاں بحق ہوئی ہے۔
فیصل آباد: پستول کے ساتھ ویڈیو بناتے ہوئے نئی نویلی دلہن گولی لگنے سے جاں بحق
ایس ایس پی طارق محبوب کے مطابق پوسٹ مارٹم کے بعد ڈاکٹروں اور فارنزک ماہرین نے دلہن کو خود سےگولی لگنےکو ناقابل یقین قرار دیا۔دلہن کے موبائل فون سے بھی ٹک ٹاک ویڈیو کی تصدیق نہیں ہو سکی۔
تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ دلہن کے 10 سالہ بھانجے کی جانب سے گولی چلائے جانے سے اس کی ہلاکت ہوئی مگر دلہن کے والد نے نواسے کوبچانےکے لیے غلط بیان دیا۔
پولیس کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے مقتولہ کے 10سالہ بھانجےکو گرفتار کرلیا گیا۔
ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ فارنزک رپورٹ آنے پر مزید حقائق واضح ہوں گے۔