ٹرومسو -ناروے (ویب ڈیسک): ماہی گیر اس وقت بہت خوش ہوتے ہیں جب ان کے جال میں کوئی بڑی مچھلی پھنس جائے۔مگر ناروے میں ایک ماہی گیر اپنے جال میں ایک امریکی آبدوز کو پھنسنے کا سن کر دنگ رہ گیا۔یہ حیران کن واقعہ ناروے کے خطے Malangen fjord میں پیش آیا۔نارویجن نشریاتی ادارے این آر کے نیوز کے مطابق ہیرالڈ انگین نامی ماہی گیر اپنے گھر کے قریب شکار میں پکڑی گئی Halibut مچھلی ڈیلیور کرنے جا رہا تھا جب اسے ایک غیرمعمولی میسج موصول ہوا۔
اسے بتایا گیا کہ سب میرین کے پروپلرز اس کے جالوں میں پھنس گئے اور اپنے ساتھ کھینچ کر 2 ناٹیکل میل دور لے گئے۔
377 فٹ لمبی جوہری امریکی آبدوز یو ایس ایس ورجینیا ناروے کی بندرگاہ Tromso کی جانب جا رہی تھی۔
نارویجن کوسٹ گارڈز نے تصدیق کی کہ ان کے ایک جہاز نے جال کاٹ کر آبدوز کو نکلنے میں مدد کی۔
ماہی گیر نے بتایا کہ ‘میں جانتا تھا کہ دیگر بحری سواریاں مچھلی کے جالوں کے قریب سے گزرتی ہیں مگر ہم میں سے کسی نے کبھی آبدوز کو ایسا کرتے نہیں سنا’۔
اس کا کہنا تھا کہ واقعے پر اسے غصہ نہیں اور کوسٹ گارڈ ممکنہ زرتلافی کے لیے اس کے ساتھ رابطے میں ہیں۔
امریکی فوج کے ایک ترجمان نے بھی واقعے کی تصدیق کی مگر تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔
ترجمان نے بتایا کہ اس واقعے میں کوئی زخمی نہیں ہوا اور حادثے کی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات کی جا رہی ہے۔