کراچی (ویب مانیٹرنگ ڈیسک): امریکی ریاست ٹیکساس میں برفانی طوفان کی وجہ سے لاکھوں افراد تاریکی میں ڈوب گئے جبکہ مختلف حادثات میں 6 افراد ہلاک اور متعدد زخمی بھی ہوئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق شدید برفانی طوفان نے رواں ہفتے امریکا کے جنوبی حصوں کو متاثر کیا جس کی وجہ سے ریاست ٹیکساس میں بجلی کی بندش کا سامنا اور سفری معاملات میں بھی خلل پیدا ہوا۔
ٹیکساس میں 3 لاکھ 40 ہزار افراد بدھ کی شام سے بجلی سے محروم ہیں، اسی کے ساتھ ہی پاؤر آوٹیج ڈاٹ یو ایس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ شہر آسٹن اور اس کے ملحقہ علاقوں میں بھی بجلی کی بندش کا سامانا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق برفانی طوفان کی وجہ سے امریکی ائیر لائنز کی جانب سے 2 ہزار 300 پروازیں منسوخ کی گئیں، فلائٹ آپریشن ڈیلاس اور آسٹن کے ہوائی اڈوں پر سب سے زیادہ متاثر ہوا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق برفانی طوفان کی وجہ سے درجنوں گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا جبکہ مختلف حادثات میں 6 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے طوفان کو “طویل اور اہم” برف کے طوفان کا نام دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ طوفان اس وقت جنوبی میدانی علاقوں اور وسط جنوب سے گزر رہا ہے۔
موسمیاتی ایجنسی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ٹیکساس کے ساتھ ساتھ شہر لوزیانا اور شمالی جارجیا کو شدید بارشوں کی وجہ سے سیلابی صورتحال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔