کراچی (ویب ڈیسک): حکومت بلوچستان نے لاپتا افراد کے تمام کیسز کا جائزہ لینے اور ان کی بازیابی میں کردار ادا کرنے کے لیے پارلیمانی کمیشن قائم کردیا ہے۔ میڈیائی رپورٹ کے مطابق محکمہ داخلہ بلوچستان کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق بلوچستان ہائی کورٹ کے 17 نومبر 2021 کے حکم کے تناظر میں ایک اعلیٰ اختیاراتی پارلیمانی کمیشن قائم کیا گیا ہے۔
وزیر داخلہ بلوچستان کی زیر سربراہی قائم کمیشن میں صوبائی وزرا میر اسد اللہ بلوچ اور انجینئر زمرک خان اچکزئی، پارلیمانی لیڈر بی این پی ملک نصیر احمد شاہوانی اور رہنما جمعیت علمائے اسلام میر زبید علی ریکی بطور رکن شامل ہوں گے۔ علاوہ ازیں ایڈیشنل چیف سیکریٹری زاہد سلیم بطور سیکریٹری کمیشن خدمات سرانجام دیں گے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ کمیشن کیسز کی نوعیت کے مطابق لاپتا افراد کی بازیابی کے لیے کوششیں کرے گا۔
نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا کہ یہ کمیشن ایسے لاپتا افراد کے اہل خانہ کی مدد اور تعاون کا طریقہ کار بھی وضع کرے گا جو ریاست مخالف یا دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوث نہیں ہیں۔